مجھ سے ملئے...
میں ہوں فیس بک دانشور...
میری معلومات کا اصل منبع سوشل میڈیا یا الیکٹرانک میڈیا...
اور چند من پسند کالم نگاروں کے کالم
مصروفیات کی بدولت کتب بینی جیسا فضول مشغلہ میں وقت ضائع نہیں کرتا.
مجھے شعر و شاعری سے بہت رغبت ہے
جو شعر نظر آتا ہے، ضرور شئر کرتا ہوں...
اگر اقبال کا نام ساتھ لگا ہو تو عقیدت سے شئر کرتا ہوں
شعر کی تصدیق کے لیے وقت نہیں ہوتا، اقبال کا پیغام جلد از جلد آگے پہنچنا چاہئیے.
شعر و شاعری سے رغبت ہو اور عشق مجازی کا ذکر نہ ہو؟
لہٰذا ادھ موئی لڑکیوں کی تصاویر کے ساتھ ادھ موئے شعر میری وال کو ادب کا شاہکار بنا دیتے ہیں.
الحمدللہ، مسلمان ہوں...
لہٰذا کوئی بھی حدیث نظر سے گزرے تو فوراً سے پہلے شئر کرتا ہوں، اب تحقیق میں وقت ضائع کر کے چند منٹ کے ثواب سے کیونکر محروم رہوں.
کچھ بد ذوق اور گستاخ قسم کے لوگ ریفرینس مانگتے ہیں، اب بھلا اچھی بات کے لیے بھی کسی ریفرینس کی ضرورت ہوتی ہے؟ ہنھ
میں بڑا "آؤٹ سپوکن" ہوں. دوسروں کی خامیوں پر کڑی نظر رکھتا ہوں. اور کسی کا لحاظ نہیں کرتا.
روز کسی نہ کسی کو لتاڑنے اور اس کا کردار دنیا کے سامنے لانے کا موقع مل جاتا ہے.
اور اگر کوئی میری کوئی خامی نکالتا ہے...
تو تندئ بادِ مخالف سے نہ گھبرا اے عقاب کے مصداق
دو چار پوسٹس میں ہی اس کی ہوا اکھاڑ دیتا ہوں.
اور چونکہ میرا پیغام لوگوں تک پہنچنا بہت ضروری ہے، لہٰذا ہر پوسٹ میں آدھی فرینڈ لسٹ کو ٹیگ کرتا ہوں. اور جتنے گروپس کا ممبر ہوں، ان سب پر بھی پوسٹ کرتا ہوں.
اور چونکہ میرے پاس کیمرے والا فون ہے، تو مجھے فوٹو گرافر بننے سے کون روک سکتا ہے.
میری پروفائل پر "random" کے نام سے ایک البم ہے، جہاں ایک منظر کے لیے کھینچی گئی سو سو تصاویر میں سے منتخب کردہ ایک ایک تصویر موجود ہے.
اور اللہ نے حسن دیا ہے تو نزاکت آ ہی جاتی ہے
لہٰذا ایک البم میری "خود نمائی" پر بھی مشتمل ہے.
اب چونکہ میں اپنی حیثیت ایک دانشور کے طور پر "منوا" چکا ہوں. تو ایک فین پیج بھی بنا لیا ہے. بہت رونق لگی رہتی ہے. لائکس کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے.
اور میری طرح کے دوسرے دانشور اور ادبی ذوق رکھنے والے احباب میری پوسٹس کو کافی عقیدت سے شئر کرتے ہیں.
آخر میں میری اقبال سے عقیدت کے اظہار کے لیے یہ شعر، جو میں نے کل ہی دیکھا
لوگ کہتے ہیں کہ بس فرض ادا کرنا ہے
ایسا لگتا ہے کوئی قرض لیا ہو رب سے
اس پر بھی کچھ گستاخ شور مچانے آ گئے تھے کہ اقبال کا شعر نہیں ہے. اب اتنا اسلامی شعر اقبال کے علاوہ کس کا ہو سکتا ہے؟
اجازت چاہتا ہوں، شام کا وقت ہے، کچھ شاعری ہو جائے، اس وقت زیادہ شئر ہوتی ہے.
میرا فین پیج لائک کرنا نہ بھولیں.
آپ کا بھائی، فیس بکی دانشور
عرض کیا ہے
اب جو نکلے گی تو بہت دور تلک جائے گی۔۔۔۔۔
آپ کی دانشوری اور وہ بھی فیس بکی تخلص کے ساتھ ، دل پنکھا پنکھا ہونے کو کرتا ہے۔ جو چلے بنا ہوا دیے۔
ویسے یار لوگ اسے جدید زبان میں فین ہونا کہتے ہیں۔
غرض آپ کی تحریر کا انداز اچھا لگا۔ اور دل نے کہا۔۔۔۔۔۔
کچھ کچھ ہونے لگا ۔۔۔۔۔۔ شاعری سے ذوق۔۔۔۔۔۔ ملنے لگا۔۔
باقی رہی بات توجہ کی۔۔۔۔۔ کون سنتا ہے آواز، اس نقار خانے میں، طوطی کی۔۔۔۔۔
بھائی اب ساری جان تو تبصرہ نگاری میں ہی رہ گئی ہے۔۔۔۔۔
عمل کون کرے۔۔۔۔۔۔۔ کہا گفتار کا غازی بننا آسان بھی اور مشہوری فری میں ۔۔۔۔ یوں ایک تیر سے دو شکار۔۔۔۔۔
ویسے آپ لکھتے رہا کریں۔۔۔۔۔
Think: http://masimqau.blogspot.com
کے نام سے ہم بھی مغز ماری کر رہے ہیں۔ آپ کو بھی دعوت ہے۔۔۔۔۔
اللہ آپ کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔
آپ کا بھائی
محمد عاصم
سنا تھا بیماری اللہ کی رحمت ہوتی ہے اس کی عملی تصویر آپ کا بلاگ کے صورت میں دیکھی جاسکتی ہے
بلاگرز کی دنیا میں خوش آمدید
اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ
جزاک اللہ
جزاک اللہ
یہ تبصرہ مصنف کی طرف سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ماشاٰءاللہ !! بہت عمدہ تابش بھائی
بہت خوب!
بہت خوب!
صدیقی بهائی. اردو نستعلیق بلاگر میں کیسے کرتے ہیں.انٹرنیٹ سے کافی تلاش کیا ہے. لیکن حل نہیں ملا