منگل، 6 اپریل، 2021

حمد (آیت الکرسی کا منظوم مفہوم)

0 تبصرے
 حمد
(آیت الکرسی کا منظوم مفہوم)
٭
وہ ہے اللہ، یکتا و تنہا خدا
ہے نہیں کوئی معبود اُس کے سوا
وہ ہے زندہ سدا، سب سنبھالے ہوئے
جو کہ سوتا نہیں اور نہ ہے اونگھتا
ہے اُسی کا جو کچھ آسمانوں میں ہے
اور زمیں میں بھی سب کچھ ہے اللہ کا
کون ہے جو کسی کی شفاعت کرے
سامنے اُس کے، اُس کی اجازت بنا
جانتا ہے وہ، جو سامنے سب کے ہے
اور اُس سے بھی واقف ہے، جو ہے چھپا
علم حاصل نہ کوئی ذرا کر سکے
پر وہی علم، جتنا کہ چاہے خدا
آسمانوں پہ اور کرۂ ارض پر
چار سُو ہے محیط، اقتدارِ خدا
پاسبانی سے اِن کی وہ تھکتا نہیں
وہ ہے سب سے بلند اور سب سے بڑا
٭٭٭
محمد تابش صدیقی